Online-Bayat

آن لائن بیعت

آن لائن بیعت

موجودہ دور سے قبل سلسلہ سروری قادری میں بیعت ہونے اور ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات کا خزانہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم ایک مرتبہ مرشد کامل اکمل کی بارگاہ میں حاضر ہونا ضروری تھا۔ جوں جوں اللہ تعالیٰ آپ مدظلہ الاقدس کی شان اور مراتب کو عروج عطا فرما رہا ہے آپ مدظلہ الاقدس بھی متلاشیانِ حق کو فقر کا فیض عطا کرنے کے لیے آسانیاں اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس نے آن لائن بیعت کے ذریعے ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات عطا فرمانے کا سلسلہ شروع کر کے فقر کی تاریخ میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور فقر کی تاریخ کو ایک نیا موڑ دیا ہے۔ ایسا انقلابی اور بظاہر ناممکن نظر آنے والا قدم اٹھانے کے لیے یقیناًبہت زیادہ روحانی قوت درکار ہے کیونکہ مرشد اور مرید کی ایک بھی ظاہری ملاقات کے بغیر مرشد کا اس طالب کو روحانی فیض پہنچانا آسان کام نہیں۔ یہ قدم یقیناًآپ مدظلہ الاقدس کی دور اندیشی کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔
آن لائن بیعت کا طریقہ ابتدائی طور پر ان لوگوں کے لیے شروع کیا گیا تھا جو بیرون ملک رہتے ہیں اور مالی یا کسی اور مجبوری کی وجہ سے سفر نہیں کر سکتے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں یہ سہولت ان خواتین کو بھی عطا کر دی گئی جو کسی بھی وجہ سے آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضرہونے سے قاصر ہیں۔ کیونکہ آج کل کے دور میں انٹر نیٹ، کمپیوٹر، سمارٹ فون وغیرہ کی سہولت تقریباً ہر طبقہ اور ہر پیشہ کے افراد کے پاس موجود ہے۔ آن لائن بیعت کا نظام شروع فرما کے آپ مدظلہ الاقدس نے ہر خاص و عام کے لیے راہِ فقر اور راہِ معرفت کے راستے نہ صرف کھول دیئے ہیں بلکہ آسان بنا دیئے ہیں۔ 
آن لائن بیعت کا طریقہ کار یہ ہے کہ بیعت کے متمنی مرد و خواتین تحریک دعوتِ فقر کی کسی بھی ویب سائٹ پر موجود Contact Usکی آپشن( Option)کو کلک (Click) کرکے https://www.tehreekdawatefaqr.com کے پیجcontact us پر رابطہ کر کے بیعت کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔ تحریک دعوتِ فقر کی طرف سے مقرر نمائندہ ان کے کوائف کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد انہیں ایک لنک مہیا کر دیتا ہے جس سے وہ آن لائن بیعت ہوسکتے ہیں۔ ان کی تمام معلومات سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کو ایک ای میل کی صورت میں وصول ہوتی ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس ان تمام معلومات کا جائزہ لے کر چند روحانی تقاضے پورے فرماتے ہیں اور بیعت کرنے کے بعد اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور کی اجازت فرماتے ہیں۔ اسم اللہ ذات اور اس کے ذکرو تصور کا طریقہ کار بذریعہ فون اور ای میل طالب کو بتا دیا جاتا ہے۔
آپ مدظلہ الاقدس کے روحانی فیض کے لامحدود ہونے کا ثبوت یہ ہے کہ طالب بیعت کے لیے بھی جسمانی پابندیوں سے آزاد ہے۔ اس سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ آپ مدظلہ الاقدس کی روحانی قوت زماں و مکاں کی قید سے آزاد ہے۔ کسی بھی رنگ ونسل یا فرقہ کا فرق روا رکھے بغیر تمام متلاشیانِ حق کے لیے آپ مدظلہ الاقدس کے فیض کے دروازے کھلے ہیں حتیٰ کہ بیعت کے فارم میں بھی ذات پات یا فرقہ کے متعلق کوئی سوال درج نہیں ہے۔