Khanqah

خانقاہ سلسلہ سروری قادری

خانقاہ سلسلہ سروری قادری کا قیام

اللہ پاک قرآنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے:
فِیْ بُیُوْتٍ اَذِنَ اللّٰہُ اَنْ تُرْفَعَ وَ یُذْکَرَ فِیْھَا اسْمُہٗ یُسَبِّحُ لَہٗ فِیْھَا بِالْغُدُوِّ وَ الْاٰصَالِ  (النور۔35)
ترجمہ: (اللہ کا نور) ان گھروں پر ہے جن کے بلند کیے جانے اور جن میں اسمِ اللہ کا ذکر کیے جانے کا اللہ نے حکم دیا ہے اور (ان گھروں میں اہلِ ذکر) صبح شام ذکرِ اللہ کرتے ہیں۔
حضرت شہاب الدین سہروردی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
* اس آیت مبارکہ میں گھروں سے مراد خانقاہیں ہیں ۔(عوارف المعارف)
خانقاہ سے مراد وہ جگہ ہے جہاں طالبانِ مولیٰ ہر لمحہ صبح شام اسمِ اللہ ذات کا ذکر کرتے ہیں اور مرشد کی صحبت اور رہنمائی میں اپنی روح کی پاکیزگی حاصل کرکے اللہ کے قرب کی نعمت سے مالا مال ہوتے ہیں۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے عین سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ ، حضرت سخی سلطان سیّد محمد عبداللہ شاہ مدنی جیلانی رحمتہ اللہ علیہ ،حضرت سخی سلطان پیر محمد عبدالغفور شاہ رحمتہ اللہ علیہ ،شہبازِ عارفاں حضرت سخی سلطان سیّد پیر محمد بہادر علی شاہ کاظمی المشہدی رحمتہ اللہ علیہ ، سلطان الاولیا حضرت سخی سلطان محمد عبد العزیز رحمتہ اللہ علیہ ،سلطان الفقر ششمؒ حضرت سخی سلطان محمد اصغرعلی رحمتہ اللہ علیہ اور دیگر صوفیا کرام کے طریقہ کے مطابق 23۔اکتوبر 2009ء (3۔ذیقعد 1430ھ ) بروز جمعتہ المبارک اپنے مرشد پاک سلطان الفقر ششمؒ کے عرس پاک کی مبارک تقریب میں’’خانقاہ سلسلہ سروری قادری‘‘کی بنیاد سلطان الفقر ہاؤس 4/A۔ ایکسٹینشن ایجوکیشن ٹاؤن وحدت روڈ لاہور میں رکھی۔ اس خانقاہ کے قیام کا مقصد طالبانِ مولیٰ کی تربیت اور تزکیہ نفس اسی طریق پر کرنا تھا جس طریق پر صوفیا کرام کی خانقاہوں میں راہِ فقر کے طالبوں اور مریدوں کی تربیت اور تزکیۂ نفس ہوتا رہا ہے۔ اس خانقاہ میں لاہور کے باہر سے بھی مریدین آکر مقیم ہوتے ہیں اور چند دِن دنیا سے خلوت نشین ہوکر اپنے مرشد کی صحبت سے فیض یاب ہوتے ہیں۔
تحریک دعوتِ فقر(رجسٹرڈ)، سلطان الفقر پبلیکیشنز(رجسٹرڈ)، سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے دفاتر بھی اسی خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں قائم ہیں۔ تمام روحانی محافل اور عرس کی تقریبات بھی اسی خانقاہ میں منعقد ہوتی ہیں جن میں لنگر کا وسیع انتظام ہوتا ہے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے تربیت یافتہ مریدین دن رات کتب و رسائل اور ویب سائٹس کے ذریعے فقر کی تعلیمات کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے اسی خانقاہ میں ہمہ وقت کوشاں ہیں۔
خانقاہ کے دروازے ہر خاص و عام، ہر مکتبہ فکر اور ہر فرقے کے لیے دن رات کھلے ہیں۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہر اتوار، منگل اور جمعہ کو اسی خانقاہ میں طالبانِ مولیٰ سے ملاقات بھی فرماتے ہیں۔ لیکن صرف مرد حضرات کو خانقاہ میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔ خواتین کا داخلہ خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں ممنوع ہے۔ خواتین طالبانِ مولیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے بروز اتوار ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتی ہیں جہاں ان کی اہلیہ محترمہ بھی موجود ہوتی ہیں۔

نئی خانقاہ اور مسجد کی تعمیر

یکم دسمبر2017ء(12ربیع الاوّل1439ھ) بروز جمعتہ المبارک کو آپ مدظلہ الاقدس نے میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے موقع پر ایک وسیع خانقاہ اور مسجد کی تعمیر کا اعلان کیا اور ساتھیوں سے اپیل کی کہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ انشاء اللہ جلد ہی نئی خانقاہ اور مسجد کی تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا۔